چلنا تو دور خود اپنے سے کھڑے نہ ہونے والی خاتون نے ووٹ دینے کو ذمہ داری قرار دیا
حیدرآباد :۔ نوجوانوں کا رائے دہی میں حصہ نہ لینا تشویش کا سبب بنتے جارہا ہے ۔ 98 سالہ ضعیف خاتون زاہدہ بیگم نے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے یہ ثبوت دیا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہیں ۔ ان سے نوجوان نسل کو سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ملک کا مستقبل نوجوان نسل پر انحصار کرتا ہے ۔ مگر شہر حیدرآباد کے نوجوان جمہوری حق سے استفادہ کرنے میں غفلت اور کوتاہی سے کام لے رہے ہیں ۔ جس کی زندہ مثال یکم دسمبر کو منعقد ہوئے جی ایچ ایم سی کے انتخابات سے ملتی ہے ۔ تقریبا 60 فیصد نوجوانوں نے اپنے آپ کو ’جمہوری جشن ‘ رائے دہی کا حصہ نہیں بنایا ہے ۔ وہی صحت ٹھیک نہ ہونے جسم ساتھ نہ دینے اور ضعیفی کے تقاضوں کے باوجود ، عمر رسیدہ افراد اور معذورین نے اپنی ذمہ داری نہیں بھولی ہے ۔ ان میں ایلاریڈی گوڑہ ، امبیڈکر نگر کی ایک 98 سالہ ضعیف خاتون بھی ہے ۔ جنہیں چلنا تو دور کھڑے رہنے کی بھی طاقت نہیں ہے ۔ لیکن ووٹ دینے کے جذبہ کے ساتھ زاہدہ بیگم نے اپنے فرزند کے ساتھ آٹو میں مرکز رائے دہی پہونچ کر اپنے لیے نہیں بلکہ سب کے بہتر مستقبل کے لیے ووٹ دیا ہے ۔ زاہدہ بیگم نے بتایا کہ انہوں نے ابھی تک ووٹ دینے کو ایک ذمہ داری سمجھا ہے ۔ اس ضعیف خاتون کا یہ جذبہ نوجوان نسل کے لیے قابل تقلید ہونا چاہئے کم از کم وہ نوجوان جنہوں نے ووٹ نہیں دیا ہے وہ اپنا محاسبہ ضرور کریں اور آئندہ انتخابات میں حق رائے دہی سے ضرور استفادہ کریں ۔۔