شعور بیداری ریالی سے ضلع کلکٹر کا خطاب، متاثرین کی نشاندہی کیلئے گھر گھر سروے
سنگاریڈی۔ 24 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پراوینیا نے کہا ہے کہ ضلع سنگا ریڈی کو ٹی بی سے پاک بنانا ہی اصل ہدف ہے اور اس کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا عالمی یومِ تپ دق (ٹی بی ڈے) کے موقع پر روز سنگاریڈی کے پوتی ریڈی پلی سب سنٹر میں کلکٹر نے شعور بیداری ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور عوامی حکمرانی کے ترقیاتی منصوبہ کے تحت 100 روزہ مہم ‘‘ٹی بی مکت بھارت ابھیان v2.0’’ کا آغاز کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی بی ایک مکمل طور پر قابلِ علاج بیماری ہے اور عوام میں بیداری پیدا کر کے اسے ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ‘‘ٹی بی مکت بھارت’’ کے ہدف کے تحت خصوصی اقدامات کر رہی ہیں اور ضلع میں 15 مئی تک 100 دن کا خصوصی ایکشن پلان نافذ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں ٹی بی سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ہیلتھ سب سنٹرز کے تحت گھر گھر سروے کیے جا رہے ہیں۔ 14 سال سے زائد عمر کے افراد، حاملہ خواتین اور خون کی کمی کا شکار خواتین کے لیے خصوصی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ جدید موبائل ایکس رے مشینوں کے ذریعے فوری نتائج فراہم کیے جا رہے ہیں اور ضرورت مند افراد کو فوراً علاج اور مفت ادویات دی جا رہی ہیں۔کلکٹر نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر ٹی بی کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی سرکاری اسپتال سے رجوع کریں اور علاج مکمل کریں، لاپرواہی نہ برتیں۔اس ریلی میں طلبہ، طبی عملہ اور آشا ورکرس نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور ٹی بی سے بچاؤ کے حوالے سے نعرے لگا کر عوام میں شعور بیدار کیا۔اس پروگرام میں ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وسنت راؤ، ضلع ٹی بی کنٹرول آفیسر ڈاکٹر ارونا کماری، طبی عملہ، کالج کے طلبہ اور دیگر افسران موجود تھے۔