ضلع محبوب نگر ترقی کی راہ پر گامزن

   

مجلس بلدیہ کے آخری اجلاس سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر ۔ /2 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ 5 برسوں میں زبردست ترقیاتی کام انجام دیتے ہوئے محبوب نگر کا نقشہ بدل دیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے مجلس بلدیہ محبوب نگر کے آخری اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ اجلاس گولڈن جوبلی ہال میں چیرپرسن بلدیہ رادھا امر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ ریاستی وزیر نے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بلدیہ مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ اہم ترین مسئلہ آبی سربراہی کا تھا ۔ مہینہ میں 2 مرتبہ ، نلوں سے پانی سربراہ ہوتا تھا لیکن اب ایک دن کے وقفہ سے پانی سربراہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منی ٹینک بینڈ کی تعمیر اور میوری پارک کی ترقی ایک مثال ہے ۔ سڑکوں کی کشادگی ، مارڈن ریتو بازار ، جدید طرز پر آڈیٹوریم کلابھون کی تعمیر محبوب نگر کی زبردست ترقی کا ثبوت ہے ۔ چیرپرسن بلدیہ رادھا امر نے ترقیاتی کاموں پر تعاون پیش کرنے میں ارکان بلدیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے فلور لیڈرس نے بھی اپنے اپنے ارکان بلدیہ کی نمائندگیوں اور کارکردگی کی ستائش کی ۔