ضلع نظام آباد میں اردو میڈیم اساتذہ کی کثیر جائیدادیں مخلوعہ

   

حکومت اوراردو تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکر، کانگریس قائد سید قیصر کی ڈی ای او سے نمائندگی

نظام آباد : نظام آباد شہر اور ضلع کے سرکاری اُردو میڈیم مدارس میں اساتذہ کی جائیدادیں کئی سال سے مخلوعہ ہونے کے باوجود محکمہ تعلیمات ، حکومت تلنگانہ ، طلباء اوراساتذہ تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ سید قیصر قائد کانگریس نے سوال کیا کہ سرکاری اُردو میڈیم مدارس میں مضمون واری اساتذہ کی جائیدادیں مخلوعہ ہے ایس ایس سی سالانہ امتحانات کی طلباء کیسے تیاری کریں انہوں نے ڈی ای او درگا پرساد سے ملاقات کرتے ہوئے نظام آباد شہر کے اُردو میڈیم مدارس وینگل رائو ہائی اسکول ، خلیل واڑی ہائی اسکول ، دھاروگلی ہائی اسکول ، واٹر ٹینک ہائی اسکول کے بشمول ضلع کے مختلف منڈل جات میں واقع سرکاری اُردو میڈیم مدارس میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سرکاری اُردو میڈیم مدارس میں تلگو میڈیم اساتذہ کا تقرر عمل میں لایا جارہا ہے جس کا ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا کہ واٹر ٹینک سرکاری اسکول میں پی ای ٹی کی جائیداد پر تلگومیڈیم امیدوار کا تقرر کیا گیا جو 7 سالہ عرصہ سے خدمات انجام دے رہی ہے اسی طرح ایڑپلی سرکاری اُردو میڈیم اسکول میں 13سالہ عرصہ سے غیر اُردو میڈیم معلم خدمات انجام دے رہی ہے 13 سالہ عرصہ سے کیوں تبادلہ عمل میں نہیں لایا گیا ۔ سید قیصر قائد کانگریس نے اساتذہ تنظیموں آئیٹا اور دیگر کے بشمول طلباء تنظیموں ، ایس آئی او اور ایم ایس او کی روش پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی مسائل کے بجائے سماجی مسائل پر توجہ دی جارہی ہے جو شرمناک ہے ۔ ڈی ای او درگا پرساد نے سید قیصر کو تیقن دیا کہ محکمہ تعلیمات اور حکومت کے علم میں لاتے ہوئے آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے اور اُردو میڈیم سرکاری مدارس پر تلگومیڈیم امیدواروں کا تبادلہ کردیا جائیگا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد احمد ، محمد کیف ، یونس ، محمد جاوید ، شیخ اکرم موجود تھے ۔