سنگا ریڈی 25 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پی پراوینیا ضلع کلکٹر سنگاریڈی نے انٹرمیڈیٹ پبلک امتحانات کے پہلے دن امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے ضلع ہیڈکوارٹر کے گورنمنٹ بوائز جونیئر کالج اور شاہین جونیئر کالج میں جاری امتحانات کا معائنہ کیا کلکٹر نے امتحانی مراکز میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی، امتحانات کے انتظامات اور طلبہ کی حاضری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یہ بھی چیک کیا کہ سوالیہ پرچے مقررہ وقت پر ہی کھولے گئے یا نہیں اور نقل کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے یا نہیں۔اس موقع پر پینے کے پانی، طبی سہولت، اے این ایم کی دستیابی اور ٹوائلٹ جیسی بنیادی سہولتوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اور تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔کلکٹر نے ہدایت دی کہ امتحان ختم ہونے کے بعد جوابی پرچوں کو سخت پولیس سکیورٹی کے ساتھ محفوظ طریقے سے مقررہ مراکز تک پہنچایا جائے اور امتحانات کو مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیا جائے۔انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر گووند رام نے بتایا کہ ضلع میں منعقدہ انٹرمیڈیٹ پبلک امتحانات کے پہلے سال کے تلگو، ہندی، اردو اور سنسکرت زبان کے پرچے پرامن اور آسانی کے ساتھ منعقد ہوئے 18,179 طلباء میں سے 17,616 طلباء نے شرکت کی۔ جن میں سے 16,438 جنرل کورس اور 1,178 ووکیشنل کورس کے تھے 563 طلباء غیر حاضر رہے۔ ان میں سے 414 جنرل کورس اور 149 ووکیشنل کورس کے تھے۔کل حاضری کا تناسب 96.90 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا گووند رام نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد کی نگرانی کے لیے کنوینر/ڈی آئی ای او نے 2 امتحانی مراکز کا معائنہ کیا، ڈی ای سی کے اراکین نے 11 مراکز کا معائنہ کیا، ایچ پی سی کے اراکین نے 4 مراکز کا معائنہ کیا، فلائنگ اسکواڈ نے 11 مراکز کا معائنہ کیا۔