محبوب نگر پالی ٹیکنک کالج کے طلبہ کا احتجاج ، ملزم گرفتار
محبوب نگر /5 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر مستقر کے پالی ٹیکنک کالج میں لڑکیوں کے باتھ روم میں خفیہ کیمرہ نصب کرنے والے ملزم کوشی ٹیم نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔ ہفتہ کے دن جیسے ہی خفیہ ریکارڈنگ کی شرمناک حرکت کی اطلاع ملی کالج میں حالات بگڑ گئے ۔ طلباء تنظیموں کے نمائندوں کی قیادت میں زبردست احتجاج درج کروایا گیا ۔ پولیس نے اپنی حرکیاتی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاجی طلبہ کو قابو میں کیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم مذکورہ کالج کا ہی طالب علم ہے ۔ جس نے لڑکیوں کے باتھ روم میں موبائل فون کے ذریعہ یہ حرکت کی ۔ پولیس نے بتایاکہ کیس درج کرکے ملزم کو ریمانڈ کردیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آئے ۔ لیکن اس کو دبا دیا گیا ۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کے بعد اعلی عہدیداروں کو رپورٹ حوالے کی جائے گی ۔ واقعہ سے کالج انتظامیہ خاصا بدنام ہوگیا ہے ۔ ادھر طلباء تنظیموں نے خاطی کو سخت ترین سزا کا مطالبہ کیا ہے ۔