واشنگٹن 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ماسکو میں چار ممالک کے مندوبین کے درمیان دن بھر کی بات چیت کے بعد طالبان سے مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان کے مطابق چین، روس اور پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایک ایسے معاہدے پر حتمی شکل دی جا سکے جس کے تحت جنگ ختم ہونے کے بعد کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔اس اعلامیہ میں افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں میں کمی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ مبصرین کے خیال میں پرتشدد حملوں میں کمی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔ پندرہ نکات پر مبنی اعلامیہ میں افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیاں روکنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ چاروں ممالک کے مندوبین نے دوبارہ ملاقات پر بھی اتفاق کیا ہے۔