حیدرآباد 16 اکتوبر(یواین آئی) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے مسابقتی امتحانات کے باربار التوا پر مایوسی میں اشوک نگر میں خودکشی کرنے والی طالبہ پراوالیکاکے ارکان خاندان سے کانگریس لیڈران راہول گاندھی اورپرینکاگاندھی ملاقات کرکے ان کو پُرسہ دیں گے ۔ تلنگانہ کانگریس سربراہ ریونت ریڈی نے طالبہ کے والد سے فون پر بات کرتے ہوئے پُرسہ دیا اور ان کے خاندان کی مدد کی یقین دہانی کروائی۔تلنگانہ انتخابات کے سلسلہ میں ریاست کا دورہ کرنے والے راہول گاندھی اور پرینکاگاندھی کے دورہ کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق 18 اکٹوبر کو رامپا مندر میں پوجا کے بعد بس یاترا کا آغاز کیاجائے گا۔تین دنوں کے دورہ کے دوران متحدہ کریم نگر ضلع،متحدہ نظام آباد کا دورہ کیاجائے گا۔ورنگل ضلع کے دورہ کے حصہ کے طورپر پراولیکا کے ارکان خاندان سے ملاقات کی جائے گی۔