طاہر حسین کی درخواست ضمانت مسترد

   

نئی دہلی 25 ستمبر (ایجنسیز) دہلی ہائی کورٹ نے 2020 کے دہلی فسادات کے دوران آئی بی افسر انکت شرما کے قتل کیس میں گرفتار سابق کونسلر محمد طاہر حسین کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کی ضمانت دینے کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں۔ جسٹس نینا بنسل کرشنا نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا: “ضمانت کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔’’ دہلی پولیس نے بھی ضمانت کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ حسین ایک بااثر شخص ہیں اور اگر انہیں رہا کیا گیا تو گواہوں کو متاثر کرنے کا خدشہ ہے۔ طاہر حسین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے جیل میں ہیں، جبکہ کیس کے دیگر ملزمان کو ضمانت مل چکی ہے اور کچھ گواہوں نے بھی حسین کے حق میں بیانات دیے ہیں، تاہم نچلی عدالت نے ان نکات پر غور نہیں کیا۔ دسمبر 2023 میں بھی حسین نے ضمانت کی درخواست دی تھی، لیکن نئے شواہد سامنے آنے پر انہوں نے درخواست واپس لے لی تھی۔ اس کے بعد 12 مارچ 2024 کو ٹرائل کورٹ نے بھی ان کی درخواست مسترد کر دی تھی کیونکہ حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی۔