عام آدمی پارٹی رکن پارلیمان سنجے سگھ نے اترپردیش حکومت پر طبی آلات کی خرید میں گھپلے کا الزام لگاتےہوئے ایف آئی آر درج کرانے کا انتباہ دیا ہے۔مسٹر سنگھ نے بدھ کو یہاں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کورونا کی تیسری لہر سے بچوں کو بچانے کے نام پر پوری ریاست میں خصوصی وارڈوں کے لئے طبی آلات کی خرید میں بڑے پیمانے پر گھپلہ بازی کی جارہی ہے۔ اب اس مسئلے پر قانونی لڑائی چھیڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو وینٹی لیٹر پرنسپل سکریٹری 17لاکھ روپئے میں خریدنے کا دعوی دے رہے ہیں وہی وینٹی لیٹر کے جی ایم سی میڈیکل کالج 10لاکھ 23ہزار 200روپئے میں خرید رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے خوف کے نام پر یوگی حکومت کے وزیر سریش کھنہ اور پرنسپل سکریٹری آلوک کمار نے ایک بلیک لسٹ کمپنی کے ساتھ مل کر بچوں کے وینٹی لیٹر سے لے کر تمام آلات کی خرید میں گھپلہ اور بدعنوانی کیا ہے۔