میدک کلکٹریٹ میں اساتذہ کو ایوارڈس کی تقسیم، کلکٹر راہول راج کا خطاب
میدک ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں آنجہانی صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر سروے پلی رادھا کشن کی یوم پیدائش کے موقع پر منائے جانے والے یوم اساتذہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ ضلع مہتمم تعلیمات رادھا کشن کی صدارت میں منعقدہ اس پراثر تقریب میں ٹیچرس ایم ایل سی کے رگھوتم ریڈی، ضلع کلکٹر میدک راہول راج کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع بھر سے منتخب 50 سے زائد اساتذہ معلمات، صدر مدرس کو شال پوشی، گلپوشی کرتے ہوئے توصیف نامے عطا کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ مہمان خصوصی اور دیگر نے شمع روشن کرتے ہوئے تقریب کا افتتاح کیا۔ ایم ایل سی رگھوتم ریڈی نے بسٹ ٹیچر ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنی زندگیوں میں اپنے اساتذہ کو ہمیشہ یاد کرتے رہتے ہیں لیکن ایسے استاذ کو بھی یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض سے انصاف کرتے ہوئے بہترین تعلیم دی اور ان کو بھی یاد کرتے رہتے ہیں جنہوں نے انے فرائض منصب سے انصاف نہیں کرتے ہوئے صرف وقت گذاری کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی زندگیوں کو روشن مینار کی طرح کھڑا کرنا اساتذہ کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ اسی طرح طلبہ کی زندگیوں کو اجاڑنا بھی ان ہی کے ہاتھ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قابل احترام شخصیتیں ہوتے ہیں۔ طلبہ کو بھی چاہئے کہ اپنے ٹیچرس کو قدر کی نگاہوں سے دیکھیں۔ کلکٹر ضلع راہول راج نے کہا کہ اساتذہ صرف کمرہ جماعت میں درس دینے والے نہیں ہوتے بلکہ طلبہ کو اچھی اقدار، نظریات اور زندگی میں کامیاب ہونے کے طریقہ کار بھی سکھاتے ہیں۔ اس تقریب کو صدر نشین بلدیہ چندرا پال ضلع پریشد سی ای او ایلیا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر منڈل ایجوکیشنل آفیسر نیلاکنٹم، میناریٹی ڈیولپمنٹ آفیسر جملا نائک، ٹیچرس یونین قائد راج گوپال گوڑ، سنگیا کے علاوہ اساتذہ اور صدر مدرسین کی بڑی تعداد شریک تھی۔