سدی پیٹ میں سیاست کوئسچن بینک کی تقسیم‘ کلیم الرحمن‘ ڈاکٹر الیاس احمد و دیگر کا خطاب
سدی پیٹ۔ 11؍فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مستقر سدی پیٹ ضلع کے اُردو مدارس گرلز ہائی اسکول و اُردو میڈیم ناصرپورہ ہائی اسکول میں زیر تعلیم طلباء و طالبات میں ادارہ ’سیاست‘ کی جانب سے ہمیشہ کی طرح ترتیب دیئے گئے دسویں جماعت کے کوئسچن بینک کی تقسیم ڈاکٹر الیاس احمد (شکاگو) کمیونیٹی ویلفیر اسوسی ایشن شکاگو اور کلیم الرحمن، وحید خاں کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس ضمن میں اُردو میڈیم ہائی اسکول ناصرپورہ کے احاطہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر الیاس احمد (شکاگو)، کلیم الرحمن اسٹاف رپورٹر ’سیاست‘، وحید خاں، محمد افضل شریف صدر مدرس ہذا مدرسہ نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کلیم الرحمن نے کہا کہ ادارہ ’سیاست‘ کی جانب سے انجام دیئے جانے والے فلاحی کام جیسے غریب اور ذہین طلبہ کو اسکالرشپس کی فراہمی کے ذریعہ ہمت افزائی، معذورین اور بیواؤں کو مالی امداد اور مریضوں کے علاج و معالجہ کے لئے رقم کی فراہمی کے علاوہ سرکاری و دیگر کارپوریٹ کمپنیوں میں حصول ملازمتوں کو بہ آسانی بنانے کے لئے ہر شعبہ کے تعلیم یافتہ طلباء و طالبات کو ماہر تعلیمات کے ذریعہ ورک شاپس اور سمینار منعقد کرتے ہوئے رہنمائی کرنے کی بناء آج کئی طلباء و طالبات بڑی بڑی کمپنیوں کے علاوہ سرکاری ملازمتوں سے مربوط ہیں۔ یہ ایک ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الیاس نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ خود اعتمادی اور سچی لگن سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایک نمایاں مقام حاصل کرنے کے علاوہ اساتذہ والدین کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر اساتذہ محمد وحید، محمد فیاض، صبیحہ تحسین، عرشیہ اور اولیائے طلبہ نے شرکت کی۔ محمد وحید مدرس نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔