سی یو ای ٹی کی مفت کوچنگ، 26 اکتوبر کو اہلیتی ٹسٹ، 22 اکتوبر تک رجسٹریشن
بیدر۔ 4 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے کہا کہ نئی یونیورسٹی شروع کرنے سے بہتر ہے کہ ذہین،ہونہار غریب طلبہ کو حصولِ تعلیم کیلئے یونیورسٹیز بھیجنا چاہئے۔اس کیلئے ضروری ہے کہ طلبہ میں شعور بیدار کیا جائے۔شاہین ادارہ جات بیدر نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹیوں کے کامن انٹرنس ٹسٹ کیلئے مفت کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ذہین،غریب ہونہار طلبہ کو اعلیٰ تعلیم میں مدد فراہم کی جا سکے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے 12 ویں جماعت یا پی یو سی سالِ دوم کامیاب تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے بارے میں کہا کہ گریجویشن اور گریجویشن کے آخری سال میں زیر تعلیم؍ کامیاب ہونے والے امیدوار کامن انٹرنس ٹسٹ کوچنگ کے اہل ہیں۔شاہین ادارہ جات کا کوالیفائنگ امتحان پاس کرنے والوں کیلئے بیچلرز اور ماسٹر کے کامن انٹرنس ٹسٹ کیلئے آن لائن کوچنگ نومبر سے شروع ہوگی۔26 اکتوبر2024کوملک بھر کی 15ریاستوں میں شاہین ادارہ جات بیدر کے 100مراکز پر کامن انٹرنس ٹسٹ ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ بیچلرز کامن انٹرینس ٹیسٹ کی آف لائن کوچنگ مارچ۔اپریل اور پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ جنوری۔فروری سے شروع ہوگی۔آف لائن کوچنگ قیام و طعام کے ساتھ 40 دن کی ہوگی۔خواہشمند دلچسپی رکھنے والے طلبہ22 اکتوبر2024 تک www.shaheengroup.org/cuet پر رجسٹر کرسکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے موبائل نمبر 8549897767 پر اوقات کار رابطہ کر سکتے ہیں۔ملک میں 33 سنٹرل یونیورسٹیوں سمیت تقریباً 200 یونیورسٹیاں ہیں۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں مختلف مطلوبہ کورسز ہیں،معیاری تعلیم،اچھا تعلیمی ماحول اور بہت کم فیسیس ہیں۔اس طرح یونیورسٹیوں کے کامن انٹری ٹسٹ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے،بتایا گیا ہے کہ شعبہ آرٹس، کامرس اور سائنس کے طلباء کو یونیورسٹیوں کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلہ لینے میں مدد کے طورپر مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔شاہین ادارہ جات بیدر میں باضابطہ CUET کی کوچنگ عملی طور پر پچھلے سال دی گئی جس میں ادارہ ہذا سے 6 طلبہ نے یونیورسٹیوں کے پوسٹ گریجویٹ کامن انٹرنس ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ درخواست کی گئی ہے کہ ذہین، غریب ہونہار طلباء مفت تربیت سے مستفید ہوں۔ اس موقع پر خصوصی اسکالر شپ کے پوسٹر کاجراء عمل میں آیا۔ اس موقع پر شاہین ادارہ جات بیدر کے سی ای او توصیف میڈکری، شاہین ڈگری کالج بیدر کی پرنسپل افراء ناز، شاہین پی یو کالج بیدر پرنسپل سید حسام الدین المعروف گیسودراز قادری ، محمد سراج الحسن لیکچررشاہین ڈگری کالج بیدر موجود تھے۔