طلبہ کو سوشیل میڈیا اور فلموں سے دوررہنے ہریش راؤ کا مشورہ

   

ذمہ دار شہری تیار کرنا اساتذہ کی ذمہ داری، ضلع پریشد اسکول کی عمارت کا افتتاح
حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ایس ایس سی کی طرح انٹر اور ڈگری امتحانات میں صد فیصد کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے ضلع کا نام روشن کریں۔ ہریش راؤ نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ طلبہ میں اخلاقی اقدار کو پروان چڑھائیں اور سماجی اور معاشرتی ذمہ داریوں کے بارے میں شعور بیدار کریں۔ ہریش راؤ آج پٹن چیرو میں ضلع پریشد ہائی اسکول گرلز کی نئی عمارت کا افتتاح کر رہے تھے۔ انہوں نے رکن اسمبلی مہی پال ریڈی کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے حلقہ میں تعلیمی اداروں کا جال پھیلاتے ہوئے تعلیم کا مرکز بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی نے صد فیصد نتائج حاصل کرنے والے طلبہ انٹر میں 33 فیصد اور ڈگری میں 49 فیصد کامیاب رہے۔ ہمیں کامیابی کے فیصد میں کمی کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مارچ میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز ہوگا ۔ لہذا طلبہ کو باقی ایام میں تعلیم پر توجہ کرنی چاہئے ۔ انہوں نے رکن اسمبلی سے خواہش کی کہ حلقہ میں موجود تمام جونیئر اور ڈگری کالجس کے طلبہ کیلئے دوپہر اور رات کے کھانے کا انتظام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکول اور کالجس میں زیادہ تر غریب اور محنت کش طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے بچے مزدور نہیں بلکہ آفیسرس ، انجنیئرس اور ڈاکٹر بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں انٹرمیڈیٹ اہم سنگ میل ثابت ہوتا ہے ۔ انٹر میں بہتر مظاہرہ پر ڈگری نے بہتر نتائج کی امید کی جاسکتی ہے ۔ ہریش راو نے اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی بہتر تربیت کے ذریعہ مستقبل کے ذمہ دار شہری بنائیں۔ انہوں نے طلبہ کیلئے اسپیشل کلاسس کا اہتمام کرنے کا مشورہ دیا ۔ ہر لکچرر کو چاہئے کہ وہ کالج کے اوقات کے علاوہ بھی اسپیشل کلاسس کا اہتمام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جن مضامین میں طلبہ کمزور ہیں، اس پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کلکٹر ، ایس پی اور دیگر عہدیداروں کو اسپیشل کلاسیس کے سلسلہ میں اقدامات کا مشورہ دیا ۔ خواتین پر بڑھتے مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ لڑکیوں میں خود اعتماد میں اضافہ اور انہیں ڈائیل 100 کے استعمال سے واقف کرایا جائے ۔ خاتون پولیس آفیسرس کو اس سلسلہ میں شعور بیداری کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ ہریش راؤ نے طلبہ کو سوشیل میڈیا، ٹی وی اور فلموں سے دور رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ نشانات رینک سے زیادہ اہمیت اچھے اخلاق کی ہے۔ وزیر فینانس نے پٹن چیرو میں آر ٹی سی ملازمین میں چاول تقسیم کیا ۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے آر ٹی سی کی ترقی کے لئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ ملازمین کی فلاح و بہبود کے علاوہ ہڑتالی مدت کی تنخواہ ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ وزیر فینانس کے مطابق بس کرایوں میں اضافہ سے حیدرآباد میں 54 لاکھ روپئے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ حکومت نے غیر قانونی گاڑ یوں کی حمل و نقل پر امتناع عائد کیا گیا ہے ۔