طلبہ کی کردار سازی میں اساتذہ اور والدین کا اہم رول

   

سلطان العلوم اسکول کے ایس ایس سی طلبہ کو تہنیت، مختلف شخصیتوں کا خطاب

حیدرآباد 15 ڈسمبر (پریس نوٹ) سلطان العلوم پبلک اسکول حافظ بابا نگر پھول باغ میں منعقدہ جلسہ ایس ایس سی کامیاب طالبات کے لئے نقد انعامات کی تقسیم اور صد فیصد حاضری کے لئے پیشہ وارانہ کورسیس کی تکمیل اور اساتذہ کی بہترین کاکرکردگی کیلئے انعامات سے نوازا گیا۔ مہمان خصوصی چیرمین گورننگ کونسل جناب محمد جعفر تھے دیگر ممبران میں خازن ڈاکٹر میر اکبر علی خان، جناب عقیل احمد، جناب مسعود عبدالقادر اور جناب عود عبداللہ عامری نے شرکت کی۔ صدارت محترمہ سیدہ رضوانہ پرنسپل اسکول ہذا نے کی۔ جناب محمد جعفر نے انعام یافتگان طلبہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور اپنے قیمتی مشورہ سے نوازا کہ ایس ایس سی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے۔ یہیں سے آپ اپنی زندگی کا مقصد ہموار کرسکتے ہیں اور کہاکہ تعلیم کے ذریعہ ہی انقلاب کی راہیں ہموار ہوسکتی ہیں۔ جناب مسعود عبدالقادر نے بتایا کہ طلباء کی زندگی میں تین شخصیتوں کا اہم کردار ہوتا ہے وہ ہے والدین اساتذہ اور بذات وہ خود ان تینوں کی کاوشوں سے ہی ایک بچہ اپنی زندگی کی کامیابی کے منازل طے کرتا ہے۔ ڈاکٹر میر اکبر علی خان نے کہاکہ ہر بچہ درجہ اوّل میں کامیابی پانے کی صلاحیت رکھتا ہے بشرطیکہ وہ محنت اور جستجو سے اپنی منزل کی طرف آگے بڑھے اور یہ بھی کہاکہ لڑکیاں ہر میدان میں سبقت لے جارہی ہیں اور اسکول کے اساتذہ اور بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسکول کے معیار تعلیم کی ستائش کی۔ جناب عود عبداللہ عامری نے کہاکہ بچوں کی تعلیم میں والدین اور اساتذہ کی بہت محنت ہوتی ہے تب ہی ایک بچہ کامیاب شہری بن سکتا ہے۔ پرنسپل سیدہ رضوانہ نے پہلے تو تہہ دل سے سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا اور 14 سال سے اسکول کی بہترین کارکردگی کو اُجاگر کیا اور ایس ایس سی کے 97% نتائج کا ذکر کیا اور بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ پہلے تو اللہ پر اور اس کے رسول ﷺ پر بھروسہ رکھیں۔ ماں باپ کی دعائیں لیں اور محنت کی سمت رواں دواں ہوں اور ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں تب کامیابی آسانی سے ان کے قدم چومیں گی۔ جلسہ میں طلبہ اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اختتام پر پرنسپل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔