حیدرآباد :5 ڈسمبر : ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے آج تلنگانہ کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا کیونکہ ریاست میں طوفان میچانگ کی وجہ سے شدید بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے اشارہ دیا ہے کہ کل ریاست میں 204.4 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں آج اور کل بارش یا گرج چمک کا امکان ہے۔ ریڈ الرٹ کے ساتھ ہی، محکمہ نے عوام سے چوکس اور محفوظ رہنے کی اپیل کی ہے۔فی الحال سائیکلون میچانگ ٹاملناڈو، جنوبی آندھرا پردیش، اور جنوبی اوڈیشہ میں عام زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔شدیدسمندری طوفان میچانگ آندھرا پردیش جنوبی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے، حیدرآباد کیلئے ایلیوالرٹ جاری کیا گیاہے ۔
طوفان میچانگ کا اثر
وشاکھاپٹنم سے کئی پروازیں منسوخ
حیدرآباد۔5دسمبر (یو این آئی) وشاکھا پٹنم ایرپورٹ کے ڈائریکٹر نے انکشاف کیا کہ طوفان میچنگ کے پیش نظر وشاکھا پٹنم سے اب تک 23 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ ایرپورٹ کے ڈائریکٹر نے کہا ہم ایرپورٹ کو مکمل طور پر آپریشن میں رکھے ہوئے ہیں۔ اے ٹی سی ہنگامی خدمات اور ڈائیورشن کے لیے 24 گھنٹے کام جاری ہے ۔