واشنگٹن ۔ 26 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ وقتاً فوقتاً ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں جو ساری دنیا کی توجہ اپنی جانب کرلیتے ہیں ۔ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ اگر کوئی آندھی یا طوفان امریکہ کی جانب پیشرفت کرتا ہے تو کیا اسے روکنے کیلئے اس پر نیوکلیئر بم برسایا نہیں جاسکتا ؟ طوفان سے متعلق ایک بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے پوچھا تھا کہ افریقی ساحل سے دور جو طوفان یا آندھی خطرناک صورتحال میں تبدیل ہوکر امریکہ کی جانب پیشرفت کرتا ہے تو کیا اس کی پیشرفت نیوکلیئر بم برساکر روکی نہیں جاسکتی ؟ ایگزیوس کے مطابق ٹرمپ نے یہ مشورہ یا سوال کوئی پہلی بار نہیں کیا ہے ۔ 2017 ء میں بھی ٹرمپ نے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار سے یہی سوال کیا تھا کہ کیا طوفان کی پیشرفت کو نیوکلیئر بم برساکر روکا نہیں جاسکتا ۔ وائیٹ ہاؤس نے حالانکہ ٹرمپ کے اس سوال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ تاہم ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق ٹرمپ کا مشورہ بھی برا نہیں ہے کیونکہ 1950 ء کے دہے میں اس وقت کے امریکی صدر آئزن ہاور کے دور میں بھی ایک امریکی سائنسداں نے اسی نوعیت کا مشورہ دیا تھا ۔
