نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں طیاروں کے ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ماہ بڑی تخفیف کی گئی ہے ، جس کی وجہ سے طیارہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بڑی راحت ملی ہے ۔ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل نے قومی دارالحکومت دہلی میں یکم جنوری سے طیاروں کے ایندھن کی قیمت 68،050.97 روپیے فی کلولیٹر سے کم کرکے 58،060.97 روپیے فی لیٹر کر دیا۔ یہ گذشتہ برس جنوری کے بعد کی سب سے نچلی سطح ہے ۔ اس طرح اس میں 9،990 روپیے یعنی 14.68 فیصد کی کمی کی گئی ہے ۔ اس سے قبل یکم دسمبر سے طیاروں کے ایندھن کی قیمت 8،327.83 روپیے فی کلولیٹرتخفیف کی گئی تھی۔دو ماہ میں طیاروں کی قیمت 18،317.83 روپیے یعنی 23.98 فیصد گھٹ چکی ہے ۔ ایندھن کی زیادہ قیمت ہونے کی وجہ سے رواں مالی برس کی 30 ستمبر کو ختم ہونے والی پہلی ششماہی میں طیارہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔