ظلم برادشت کریں گے، لیکن وطن پر آنچ نہیں آنے دیں گے: مولانا محمود مدنی

   

دیوبند:دیوبند میں جمعیت العلمائے ہند کی مجلس منتظمہ کے دو روزہ اجلاس کی پہلی نشست میں ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علماء نے بیک آواز نفرت پھیلانے والوں کو ملک دشمن قرار دیا اور نفرت کا جواب محبت سے دینے کی ضرورت پر زور دیا ،اجلاس کے صدارتی خطاب میں جمعیت العلمائے ہند کے قومی صدر مولانا سید محمود مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں سماجی ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات مشکل ضرور ہیں لیکن مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ مسلمان آج ملک کا سب سے کمزور طبقہ ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم سر جھکا کر سب کچھ قبول کریں گے اور ہر ظلم کو برداشت کرلیں گے لیکن اپنے ایمان کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ملک میں نفرت پھیلانے والوں کی بڑی تعداد نہیں لیکن سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اکثریت خاموش ہے اور وہ جانتی ہے کہ نفرت پھیلانے والے ہی ملک کے اصل دشمن ہیں۔