رامائم پیٹ کی عوام میں اضطرابی کیفیت، واقعہ میں ملوث سیاسی قائدین اور پولیس کی گرفتاری کا مطالبہ
میدک۔ ضلع میدک کے رامائم پیٹ سے تعلق رکھنے والا ریئل اسٹیٹ تاجر مسٹر سنتوش 40 سالہ اپنی ماں پدما 65 سالہ کے ساتھ کاماریڈی کی ایک لاج میں پٹرول جھڑک لے کر دونوں نے اجتماعی خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ رامائم پیٹ کے ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائد مسٹر پی جتیندر گوڑ صدر نشین بلدیہ رامائم پیٹ، صدر نشین زرعی مارکٹنگ کمیٹی رامائم پیٹ، مسٹر ایس یادگیری، رامائم پیٹ، پر برسر خدمت سرکل انسپکٹر مسٹر ناگراج جن کا حال ہی میں تبادلہ ہوچکا ہے اس کے علاوہ مزید 4 افراد مسرز کے کشٹاگوڑ، آئی پرتھوی راج گوڑ، ٹی کرن اور سوراج تاجر سنتوش کو ڈرا دھمکا کر اس کے کاروبار کی آمدنی سے زبردستی 50 فیصد رقم لیا کرتے تھے۔ سنتوش نے مذکورہ افراد کی ہراسانی سے عاجز آکر آخرکار اپنی ماں کے ہمراہ اپنی جانیں تلف کرلیں اور خودکشی کی وجہ مذکورہ افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ متوفی سنتوش اور اس کی ماں پدما کی نعشوں کا کاماریڈی میں پوسٹ مارٹم کے بعد آبائی مقام رامائم پیٹ منتقل کیا گیا جہاں آخری رسومات انجام دی گئیں۔ اس موقع پر سارے شہر کی عوام برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ برہم افراد نے خاطیوں کے مکانات پر توڑ پھوڑ بھی کئے جس کی اطلاع پاکر ڈی ایس پی توپران مسٹر کرن کمار، ضلع ایس پی میدک محترمہ روہنی پریہ درشنی نے اپنی جمعیت کے ساتھ رامائم پیٹ پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ برہم عوام کو یقین دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد خاطیوں کی گرفتاری عمل میں آئے گی اور ان پر وارنٹ کی بھی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ اس واقع پر بھاجپا اور کانگریس پارٹی کے قائدین بھی بڑی تعداد میں رامائم پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے متوفی کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور یگانگت کا اظہار کیا۔ اس واقعہ کے رونما ہونے کے بعد سارے رامائم پیٹ کی عوام میں اضطراب اور گھبراہٹ پائی جاتی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے ریاستی قائدین بھی رامائم پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے آنجہانی سنتوش کے بھائیوں اور ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس میں غنڈہ راج چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ میں ملوث جتیندر گوڑ، یادگیری ، ناگراج سرکل انسپکٹر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔