عادل آباد میں اے سی بی کے ہاتھوں اکاؤنٹ آفیسر و دیگر گرفتار

   

نرمل ۔ 27 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ عادل آباد کے اکاؤنٹ آفیسر بی راجکمار اور کے روی کمار کمپیوٹر آپریٹر کو اے سی بی کے عہدیداروں نے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب بی راجکمار نے ایک کنٹراکٹر کے 3,80,000 کے بل کی منظوری کیلئے جو سی سی روڈ، ڈرین وغیرہ کی تعمیر کا بل تھا، کنٹراکٹر سے پندرہ ہزار روپے رشوت طلب کی اور قبول کرتے ہوئے بل پاس کررہا تھا کہ اے سی بی کے عہدیداروں نے جال بچھاکر اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور کریم نگر اے سی بی کی عدالت میں پیش کردیا۔ بعد ازاں ڈی ایس پی اے سی بی مدھو نیایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رشوت ستانی کے معاملہ میں ملوث کسی بھی عہدیدار کو بخشا نہیں جائے گا۔ اگر کسی سرکاری کام کی تکمیل کے لئے عہدیدار رشوت طلب کرتے ہیں تو وہ فوری اے سی بی کے عہدیداروں کو اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والوں کے نام کو مکمل راز میں رکھا جائے گا۔