حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ بھر خاص کر ضلع عادل آباد میں سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ عادل آباد میں گزشتہ چند دنوں سے دوپہر کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے اور رات میں سردی محسوس کی جارہی ہے ۔ جمعہ کو ضلع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.0 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ریکارڈ کیا گیا ۔ عادل آباد کے دیہی علاقہ پپل دھری میں 11.1 ڈگری ریکارڈ کی گئی ۔ تلما ڈوگو میں 11.2 ، بیلہ منڈل کے چپالا میں 11.7 ، ماولا منڈل میں 11.8 ، گادیگوڈہ کے کاریکے میں 12.0 ، تامس میں 12.3 ، اندرا ویلی میں 12.8 ڈگری ریکارڈ کی گئی ۔ سردی کی وجہ سے گھنی دھند نے دور دراز کے قبائیلی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ یہاں پر لوگ صبح 9 بجے بھی گھر سے باہر نکلنے میں ڈر رہے ہیں ۔ سردی کی وجہ سے لوگ اپنا کام شام 5 بجے سے پہلے ختم کر کے گھر لوٹ رہے ہیں ۔ سردی کی وجہ سے لوگ شام کے وقت آگ لگا کر سردی سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔۔ ش