عادل آباد میں ٹی آر ایس کا زبردست احتجاجی مظاہرہ

   

قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ، قیمتوں پر قابو پانے کامطالبہ

عادل آباد ۔ ایندھن کی تیز رفتار بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف اور کسانوں کی زرعی پیداوار دھان کی خریدی کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف جمداپور روڈ پر زبردست احتجاج منظم کیا گیا جس کی قیادت ٹی آر ایس پارٹی ضلع صدر مسٹر جوگو رامنا کر رہے تھے ۔ قومی شاہراہ 44 پر منعقدہ اس احتجاج کے بناء پر اس قومی شاہرہ سے حسب معمول گذرنے والی سواریوں کی آمد و رفت متاثر ہوکر رہ گئی ۔ احتجاجی بی جے پی مرکزی حکومت اور مسٹر نریندر مودی کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔ سخت دھوپ کا لحاظ کئے بغیر احتجاجی اپنے مطالبہ کی یکسوئی کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ اس موقع پر عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا میڈیا سے مخاطب ہوکر کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کے ساتھ جانبدارانہ رویہ اپنائے ہوئے ہے جس کے بناء پر کسانوں کی زرعی فصل دھان کی خریدی کرنے سے گریز کر رہی ہے جبکہ ریاست پنجاب کے کسانوں سے دھان مرکزی حکومت کی جانب سے حاصل کیا جارہا ہے ۔ پٹرول ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ کا الزام بھی مرکزی حکومت پر عائد کرتے ہوئے مسٹر جوگو رامنا نے کہا کہ ایندھن کی قیمت میں اضافہ کی بناء پر روز مرہ استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ پایا جارہا ہے ۔ جس کی بناء پر غریب اور اوسط درجہ کے افراد خاندانوں کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پر رہا ہے ۔ دھان کی خریدی کو مرکزی حکومت کی جانب سے یقینی بنانے پٹرول ڈیزل کی قیمت پر قابو پانے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ۔ اس احتجاج میں سینکڑوں مرد خواتین کے علاوہ اے بھوما ریڈی مسٹر یونس اکبانی ، جوگو پرمیندر ، ظہیر ، محمد اشرف علی ، سید ساجد الدین ، محمد ظہور الدین و دیگر موجود تھے ۔