عادل آباد میں یونیورسٹی کا قیام ، سیمنٹ فیکٹری کا احیاء

   

کانگریس کے کھوکھلے دعوے ، عادل آباد کے عوام کو دھوکہ : جوگو رامنا

عادل آباد ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دو سال قبل منعقدہ اسمبلی انتخابات کے دوران عادل آباد کے ایک انتخابی جلسہ میں ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں حصول تعلیم کرنے والے طلباء کی سہولت کی خاطر عادل آباد میں یونیورسٹی کا قیام اور بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی خاطر عادل آباد سیمنٹ فیکٹری کا احیاء ریاست میں کانگریس حکومت قائم ہونے کے بعد کرنے کا تیقن دیا تھا جس کو مگر پورا نہ کرنے پر BRS پارٹی عادل آباد ضلع صدر و سابق ریاستی وزیر جوگو رامنا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس حکومت اور چیف منسٹر کے جلیل القدر عہدہ پر فائم ہوئے دو سال کا عرصہ ہورہا ہے لیکن انتخابات کے دوران عادل آباد کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ جلسہ عام میں عوام سے معافی مانگے۔ جوگو رامنا نے کہا کہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں کسان خوشحال زندگی گذار رہے تھے اب جبکہ کانگریس حکومت کے دوران خودکشی کا سلسلہ جاری ہے۔ ریونت ریڈی کے عادل آباد دورہ کو بے معنی قرار دیا۔ تلنگانہ کے عوام کے ساتھ گمراہ کن وعدہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کا بھی جوگو رامنا نے الزام لگایا اور کہا کہ گرام پنچایت کے جاری انتخابات کے دوران کانگریس امیدوارروں کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ میڈیا سے مخاطب کے اس موقع پر سید ساجد الدین کے علاوہ دیگر موجود تھے۔