مساجد میں صرف چند افراد جماعت کا اہتمام۔ عوام کو احتیاط کی ہدایت
عادل آباد ۔ 24؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورونا وائرس کے بناء پر ضلع عادل آباد میں احتیاطی اقدامات کو قطعیت دی جا چکی ہے ۔ مستقر عادل آباد کے بیشتر چوراستوں پر پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہے۔ حمل و نقل کرنے والے افراد کو روک کر جانچ پڑتال کے بعد جانے کی گنجائش فراہم کی جا رہی ہے ۔ بصورت دیگر انہیں واپس لوٹا دیا جا رہا ہے ۔ اپنے اپنے گھروں میں محفوظ رہنے کی تلقین مجلس بلدیہ عادل آباد کی جانب سے گشتی سواری کے ذریعہ کی جا رہی ہے ۔ عادل آباد کی سرحد جس کے تینوں سمت مہاراشٹرا موجود ہے ان کی سرحد کو پوری طرح بند کر دیا گیا ۔ مہاراشٹرا سے عادل آباد آنے والے سواریوں کو واپس لوٹا دیا جا رہا ہے ۔ ضلع عادل آباد کے بیلا جنید منڈل جات کے مختلف مواضعات میں عوام کی جانب سے رضاکارانہ طور پر اپنے مواضعات کی حدبندی کر دی گئی ۔ دیگر مقامات کے افراد کو اپنے مقام پر آنے سے ممنوع قرار دیا گیا۔ عادل آباد کے علماء اکرام نے اپنے متفقہ فیصلہ سے مساجد میں صرف اذان کو حسب معمول برقرار رکھتے ہوئے اذان کے دوران مساجد میں موجودہ 10-8 افراد کے ذریعہ باجماعت نماز ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ یہ بات عادل آباد جمعیت علماء صدر مولانا ابوبکر نے بتاتے ہوئے کہاکہ ہر مسجد میں اعلان کیا جائیگا کہ اپ اپنے اپنے گھروں میں نماز ادا کریں ۔ اس ضمن میں مستقر عادل آباد کے مسجد گلزار میں ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں مولانا اکبرالدین حسامی کے علاوہ مختلف مساجد کے ائمہ صدور انتظامی کمیٹی بھی موجود تھے ۔