۔ 18 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ زیورات برآمد : پولیس کمشنر
حیدرآباد : /11 اگست (سیاست نیوز) سٹی پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضہ سے 18 لاکھ مالیاتی مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار ایک پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 46 سالہ محمد سلیم عرف سنیل شیٹی ساکن نواب صاحب کنٹہ فلک نما ایک عادی سارق ہے اور وہ حیدرآباد کے علاوہ پڑوس کے رچہ کونڈہ کمشنریٹ حدود میں بھی 12 سے زائد سرقہ کی سنگین وارداتیں انجام دی ہیں ۔ انجنی کمار نے کہا کہ سلیم کا تعلق کمار واڑی فتح دروازہ سے ہے اور وہ سال 1991 ء سے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگا اور اب تک 160 سے زائد سرقوں میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف سال 2018 ء میں پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے جیل بھی بھیجا جاچکا ہے ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ گرفتار سارق درمیانی طبقہ کے افراد کے مکانات کی نشاندہی کے بعد انہیں نشانہ بنایا کرتا تھا اور اسکرو ڈرائیور و کٹنگ پلیر کی مدد سے قفل شکنی کیا کرتا تھا اور سرقہ کی سنگین وارداتیں انجام دے رہا تھا ۔ ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم کو اس بات کی اطلاع ملنے پر سنیل شیٹی کو حراست میں لے کر تفتیش کی اور بعد ازاں اس کے قبضہ سے 18 لاکھ مالیاتی مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ہیں ۔
