حج ہائوز میں ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز، محمود علی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔11 جولائی (سیاست نیوز) حج 2019ء کے حیدرآباد اور رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے عازمین کے لیے حج ہائوز میں ٹیکہ اندازی کیمپ کا آج آغاز ہوا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس، سی ای او وقف بورڈ عبدالحمید ، مقامی کارپوریٹر شریمتی ممتا گپتا کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ صحت کا خاص خیال رکھیں کیوں کہ ارکان حج کی ادائیگی اور حرمین شریفین میں عبادات کے سلسلہ میں صحتمند ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر صحت کے ذریعہ ارکان حج کی ادائیگی میں آسانی ہوگی۔ محمود علی نے کہا کہ عازمین حج خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنے گھر بلایا ہے۔ یہ سعادت ہر کسی کو حاصل نہیں ہوتی۔ حج اسلام کا ایک رکن ہے جس کی ادائیگی صرف صاحب استطاعت پر فرض ہے۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ روانگی سے قبل اپنی تمام ضروریات مکمل کرلیں اور تمام ضروری اشیاء ساتھ رکھیں۔ ادویات اور دیگر ضروری سامان کے بھول جانے کی صورت میں سعودی عرب میں دشواری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے خشوع اور خضوع کے ساتھ عبادتوں کا مشورہ دیا اور کہا کہ عبادت کی ان مبارک گھڑیوں میں بندہ اپنے رب کے قریب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو عازمین حج کے لیے بہتر انتظامات کے حق میں ہے اور وہ ہمیشہ اس سلسلہ میں ہدایات جاری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اقلیتی بہبود کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور اقلیتوں کو ہر شعبہ میں ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ جاریہ سال انتظامات گزشتہ برسوں کی طرح بہتر رہیں گے۔ وزیر داخلہ نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ چیف منسٹر کی درازیٔ عمر اور ریاست کی ترقی اور بھائی چارہ کے لیے خصوصی دعا کریں۔ انہوں نے بعض عازمین کو ٹیکہ اندازی کی خوراک پلائی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہر سال تلنگانہ کا حج کیمپ ملک میں نمبر ون رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اور حج کمیٹی باہم تال میل کے ذریعہ بہتر انتظامات کررہے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان نے کیمپ کے انتظامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں کوئی کسر نہیں رکھی جائے گی۔