بعد نماز جمعہ پہلے قافلہ کو وداع کیا جائیگا، 8,000 سے زائد عازمین کی 22 قافلوں میں روانگی
حیدرآباد ۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے لئے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا کل 26 جولائی سے آغاز ہوگا۔ 340 عازمین حج کا یہ قافلہ شام 8.25 بجے ایر انڈیا کی پرواز سے اڑان بھرے گا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 22 قافلوں کے ذریعہ جملہ 8270 عازمین حج ، حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے ایر انڈیا کی پروازوں سے جدہ روانہ ہونگے۔ آندھراپردیش ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہونے والے قافلوں میں شامل رہیں گے ۔ اگرچہ حج کیمپ کا 18 جولائی کو آغاز ہوچکا ہے۔ تاہم پہلے قافلہ میں کرناٹک کے عازمین مدینہ منورہ روانہ ہوئے۔ دوسرے مرحلہ میں 26 جولائی تا 4 اگست 22 قافلے جدہ روانہ ہوں گے ۔ یہ تمام عازمین حج بحالت احرام حج ہاؤز سے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ حج ٹرمنل جائیں گے۔ جمعہ کی دوپہر ڈھائی بجے سے عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوگا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی ، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ، حکومت کے مشیر اے کے خاں ، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ اور دیگر عوامی نمائندے عازمین کی بسوں کو جھنڈی دکھاکر وداع کریں گے۔ حج ہاؤز اور حج ٹرمنل میں عازمین حج کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ عازمین حج 12 گھنٹے قبل رپورٹنگ کر رہے ہیں اور تمام سرکاری امور کی تکمیل حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس پر انجام دی جارہی ہے۔ عازمین حج کی رہنمائی کیلئے حج والینٹرس کو تعینات کیا گیا ۔ تلنگانہ کا حج کوٹہ 4169 الاٹ کیا گیا تھا ، بعد میں 829 نشستیں زائد الاٹ کی گئیں۔ محرم زمرہ میں 27 حکومت ہند کے سرکاری کوٹہ میں 34 ، ویٹنگ لسٹ کے 1895 اور 23 خادم الحجاج کے ساتھ تلنگانہ کے جملہ 6969 عازمین روانہ ہوں گے جبکہ آندھراپردیش کے 1412 ، کرنا ٹک کے 1259 اور مہاراشٹرا کے 227 عازمین حج حیدرآباد سے پر واز کریں گے۔ آخری قافلہ 4 اگست کو صبح 9.55 بجے حیدرآباد سے روانہ ہوگا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد 31 اگست سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی عمل میں آئے گی جو 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔