عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 7 جون سے آغاز

   

حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر انتظامات کا جائزہ، ایمیگریشن اور دیگر سہولتوںکی موثر فراہمی کی ہدایت
حیدرآباد۔/10 مئی، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے تلنگانہ عازمین حج کی پروازوں کا 7 جون سے آغاز ہوگا۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایر پورٹ سے وستارہ ایر لائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ تلنگانہ عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ ایر پورٹ پر عازمین حج کی روانگی کیلئے خصوصی ٹرمنل کی مساعی کی گئی ہے تاکہ عازمین حج کو روانگی اور واپسی کے موقع پر کوئی دشواری نہ ہو۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے آج ایر پورٹ کے خصوصی ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے روانگی اور واپسی کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد سے 5200 عازمین کی روانگی کا اندازہ ہے۔ آخری قافلہ 22 جون کو روانہ ہوگا۔ حیدرآباد سے تمام قافلے راست جدہ پہنچیں گے جبکہ حجاج کرام کی واپسی کا 13 جولائی کو آغاز ہوگا اور 2 اگسٹ کو آخری قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوگا۔ ایر پورٹ کے معائنہ کے موقع پر جی ایم آر کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر ارون بیلا ، سی آئی ایس ایف کے عہدیدار شیلندر، وستارہ ایر لائنز کے گورو لکھن پال، ٹرمنل منیجر جے پی دتہ، جی ایم آر آپریشن منیجر سمیت کپور، جی ایم آر ریمپ آپریشن انچارج مورتی، ارکان حج کمیٹی محمد جعفر خاں، نظام الدین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عازمین حج کیلئے ٹرمنل میں وضو اور نماز کی جگہ کا تعین کیا جائے۔ عہدیداروں نے ایمیگریشن کاونٹرس اور دیگر سہولتوں کے بارے میں واقف کرایا۔ سامان کی منتقلی کیلئے کنویر بیلٹ کی سہولت رہے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج کمیٹی کے عہدیدار وقتاً فوقتاً انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

اسی دوران عازمین حج کو ویکسین کی فراہمی کیلئے کل 11 مئی کو محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوگا۔ سہ پہر 3 بجے حج کیمپ کے مختلف انتظامات کے ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئے گی۔ر