عازمین کی آمد سے حج ہاوز اور اطراف کی رونقوں میں اضافہ
حیدرآباد6 جون (سیاست نیوز) حج ہاؤز میں عازمین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوتے ہی اطراف کی رونقوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔عازمین حج کا پہلا قافلہ 7جون کی صبح حج ہاؤز سے روانہ ہوگا۔ حج کمیٹی کی جانب سے صدرنشین جناب الحاج محمد سلیم کی نگرانی میں عازمین کی آمد و قیام کے انتظامات کے علاوہ روانگی سے قبل ٹکٹ بکنگ اور پاسپورٹ کی اجرائی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔ شہر کے علاوہ اضلاع کے عازمین حج ہاؤز پہنچنے لگے ہیں۔ 7 جون کو صبح 6:15 کو پہلی پرواز کے 150 عازمین کو وزیر داخلہ جناب محمد محمودعلی جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ عازمین کی روانگی کے تمام انتظامات کی تکمیل کرلی گئی اور شمس آباد ائیر پورٹ سے پہلی پرواز 10:15 کو اڑان بھرے گی وہاں بھی تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔تلنگانہ حج کمیٹی سے عازمین کی روانگی کیلئے 2بجے سے پاسپورٹ کی اجرائی کا عمل شروع کیا گیا اور پاسپورٹ پانے والے عازمین کی روانگی سے قبل انہیں مناسک حج اور سفری مشکلات پر صبر کے علاوہ دیگر امور کے متعلق واقف کروایا گیا۔ 7 جون کو جانے والے عازمین میں بڑی تعداد شہر کے عازمین کی ہے جس کی وجہ سے حج ہاؤز میں گہماگہمی نہیں ہے لیکن اضلاع کے عازمین کو اپنے رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کے ہمراہ جذباتی ملاقاتیں کرتے دیکھا گیا ۔ پہلی پرواز سے روانہ ہونے والے عازمین حج علاوہ حج ہاؤز میں اگلی 3پروازوں کے عازمین میں بیشتر قیام کئے ہوئے ہیں جو 8جون کو روانہ ہونے والی 3 مختلف پروازوں سے جدہ روانہ ہوں گے۔م