عاصم منیر کا دورہ چین، اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام سے ملاقاتیں

   

بیجنگ ۔ 25 جولائی (ایجنسیز) پاکستان فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دورے میں انہوں نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کے مضبوط سٹریٹیجک تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے نائب صدر ہان ڑینگ اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں خطے اور عالمی سطح پر بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت رابطہ سازی کے منصوبوں اور مشترکہ جغرافیائی و سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بات چیت کی گئی۔دونوں جانب سے دو طرفہ روابط کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور خودمختار مساوات، کثیر جہتی تعاون اور دیرپا علاقائی استحکام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون اور طویل مدتی علاقائی استحکام کے عزم کو دہرایا گیا، چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کو جنوبی ایشیا میں امن کی ضامن اور ایک مضبوط قوت قرار دیا۔