غزہ:اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی منظوری کے بعد عالمی ادارہ صحت نے طبی سہولیات سے لیس ہسپتالوں کے قیام اور مریضوں کو نکالنے کا اعلان کیا ہے ۔فلسطینی علاقوں میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے رِک پیپرکورن نے کہا کہ جنگ بندی کے معاہدے کی شرائط کے تحت غزہ تک امداد کی ترسیل کو یومیہ 600 کے قریب ٹرک تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں وہاں امکان بہت ہے ، خاص طور پر جب دوسری کراسنگ کھلتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اگلے دو مہینوں میں غزہ میں تباہ حال صحت کے شعبے کی مدد کیلئے تیار شدہ ہسپتالوں کی ایک غیر متعینہ تعداد کو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ 12,000 سے زیادہ مریضوں کے طبی انخلاء میں اضافہ ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ یہ معاہدہ بدھ کو قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کے بعد طے پایا تھا۔