حیدرآباد: چین کے ووہان شہر سے پھیلنے والا یہ خطرناک وائرس سے دنیا کے تقریبا 140 ممالک متاثر ہوچکے ہیں۔ عالمی سطح پر ہزاروں افراد اس وائرس سے مر چکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی ہی جارہی ہے۔ روزنامہ سیاست کے قارئین کو کورونا وائرس کے عالمی حالات واقف کروانے کیلئے ایک خصوصی رپورٹ پیش کی جارہی ہے۔ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعدا د 2 بتائی گئی ہے۔ ملک کے دیگر ریاستوں سمیت تلنگانہ میں تمام تعلیمی ادارے، عوامی مقامات کو بند کردیاگیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں بھی اس ملا جلا اثر دیکھنے میں آرہا ہے۔ اتوار کے روز بازاروں کو جلد بند کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسکولس، کالجس کو تعطیل دے دی گئی۔ عوامی مقامات جیسے سنیما گھر، مالس، چڑیا گھر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ اس وائرس کے سبب مختلف شعبہ حیات شدید متاثر ہوچکے ہیں۔ ٹور آپریٹرس بری طرح متاثر ہیں۔ بیرونی ممالک کے فلائٹس مسدود ہیں۔ سعودی عرب مملکت نے عمرہ پرعارضی پابندی عائد کردی ہے۔ جس کی وجہ سے ٹور آپریٹرس کو غیر یقینی صورتحال کا شدید سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ رمضان کا مہینہ قریب ہے۔
دنیا بھر لوگ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ سعودی حکومت اس کا کیا انتظام کرتی ہے۔ اس خطرنا وائرس کے سبب پولٹری فارم شعبہ بھی شدید متاثر ہوچکا ہے۔ عوام میں افواہ پھیل گئی ہے کہ چکن کھانے سے کورونا وائرس کا خطرہ ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے لوگ چکن کھانے سے گریز کررہے ہیں۔ اس وائرس کے سبب ہوٹل اینڈ لاج کا کاروبار بھی بری طرح ٹھپ ہوچکا ہے۔ سنیما گھر منتظمین بھی کافی پریشان ہیں۔ شادی خانے انتظامیہ بھی شدید متاثر ہیں۔ ان تمام مسائل سے کروڑہا روپیوں کا نقصان ہورہا ہے۔ چین میں تاحال 3200سے زائد افراد مرچکے ہیں جبکہ 80,860 لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔ چین کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ اٹلی میں فوت ہونے والوں کی تعداد 1,809 ہوگئی ہے۔ یوروپ میں بھی کورونا وائرس قہر مچارہا ہے۔ اٹلی شہرمیں اتوار کو صرف ایک دن میں 368 اموات ہوئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ہر آدھے گھنٹہ میں ایک شخص کا جنازہ اٹھایا جارہا تھا۔
ذرائع کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی اہلیہ بیگو نا گومز بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی ہیں۔ اسپین میں متاثر شدہ افراد کی تعداد ٹ6,300ہوگئی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی اس وائرس سے متاثر ہونے کی افواہیں آرہی تھی۔ لیکن خبر رساں ایجنسیوں کی مطابق ٹرمپ کا کورونا وائرس ٹسٹ منفی نکلا ہے۔ جرمن حکومت نے اس وائرس کو روکنے کے اقدامات کرتے ہوئے جرمن کو لگنے والی فرانس، آسٹریا اور سوئٹز لینڈ کی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ایران میں بھی اس وائرس لوگ شدید متاثر ہیں۔ ایک معتبر خبر کے مطابق ایران میں مرنے والوں کی تعداد 724 ہوگئی ہے۔ جاپان میں کورونا وائرس کے 1,400 سے زیادہ کیسس سامنے آئے ہیں جب کہ 28 لوگ مرنے کی خبرہے۔ پاکستان بھی کورونا کی زدمیں ہے۔ پاکستان میں 55 افراد متاثرہونے کی اطلاع ہے۔ سعودی عرب میں 118 لوگ متاثرہونے کا اطلاع ہے۔ اس کے پیش نظر مسجد حرم و مسجد نبوی کو عارضی طور پر بند کردیاگیا ہے۔ صرف نمازوں کے اوقات میں کھولے جارہے ہیں۔ عمرہ پر بھی عارضی پابندی ہے۔ فلسطین کی مسجد اقصی کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ مسجد کے باہر صحن میں نماز ادا کرنے کی اجازت رہے گی۔ الغرض دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5,833 ہوگئی ہے جبکہ 1,55,086 افراد متاثر ہیں۔