واشنگٹن، 21 اگست (یو این آئی) امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ، انسان دوست ریٹائرڈ جج فرینک کیپریو 88 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ، وہ گزشتہ کئی روز سے علالت کے باعث زیر علاج تھے ۔وہ اپنے ہمدردانہ انداز، منصفانہ فیصلوں، عدل و انصاف اور رحم دلی کیلئے دنیا بھر میں مشہور تھے ، امریکی میڈیا کے مطابق جج کیپریو لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی دن سے اسپتال میں زیرعلاج تھے ۔ان کاآخری ویڈیو پیغام پھر سوشل میڈیاکی زینت بن گیا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں و پرستاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کے مستقبل میں کیا ہونے والا ہے ، ہمارا کل ہمارے لیے کیا لا رہا ہے ، اس لیے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ انجوائے کریں اور اسے جئیں۔واضح رہے کہ فرینک کیپریو رواں سال کے آغاز میں 40 برس تک خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے ۔انہوں نے رہوڈ آئی لینڈ کی میونسپل کورٹ میں بطور چیف جج اور رہوڈ آئی لینڈ بورڈ آف گورنرز اینڈ ایجوکیشن میں بطور چیئرمین خدمات انجام دیں۔