ممبئی، 14 مئی (آئی اے این ایس): بالی ووڈ اداکارہ جینیلیا ڈیسوزا دیش مکھ نے اپنی آنے والی فلم ستارے زمین پر میں عامر خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی خاص قرار دیا ہے۔ جینیلیا نے اپنے ایک بیان میں کہا: اتنے سال بعد عامر خان پروڈکشنزکے ساتھ دوبارہ کام کرنا ایک خاص احساس ہے۔ یہ کردار میرے کیے گئے تمام کرداروں سے مختلف ہے ، جذباتی، تہہ دار اور مکمل طور پر انسانیت سے جڑا ہوا۔ میں ٹریلرکو ملی محبت پر شکر گزار ہوں اور بے تاب ہوں کہ ناظرین جلد یہ فلم سینما گھروں میں دیکھ سکیں۔ فلم میں جینیلیا ایک مختصر لیکن یادگارکردار میں نظر آئیں گی، جہاں وہ عامر خان کی محبت کے روپ میں جلوہ گر ہوں گی۔ یہ فلم ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے، کیونکہ انہوں نے 2008 کی مشہور فلم جانے تو یا جانے نہ میں ادیتی کے کردار سے دل جیتے تھے ۔ وہ فلم بھی عامر خان پروڈکشنزکے بینر تلے بنی تھی۔ حال ہی میں فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا، جس میں عامر خان کو ایک سخت مزاج اور مایوس باسکٹ بال کوچ کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ٹریلر شیئرکرتے ہوئے فلم کے تخلیق کاروں نے لکھا: ایک ٹِنگو باسکٹ بال کوچ، 10 طوفانی ستارے اور ان کا سفر۔ دیکھیں ستارے زمین پر 20 جون کو صرف سنیما گھروں میں۔ فلم میں عامر خان کا کردار اس بار بالکل مختلف ہے وہ اب ایک غصے والے، زندگی سے نالاں کوچ کے طور پر نظر آئیں گے، جو ذہنی طور پر مختلف صلاحیت رکھنے والے معذور بچوں کی ایک ٹیم کو تربیت دیتے ہیں۔ یہ کہانی نہ صرف بچوں کی بلکہ خود کوچ کی اندرونی تبدیلی کا سفر بھی دکھاتی ہے۔ عامر اور جینیلیا کے علاوہ فلم میں10 نئے چہروں کو متعارف کروایا گیا ہے، جن میں آروش دتہ، گوپی کرشنا ورما، سموِت دیسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، آشش پنڈسے، رشی شاہانی، رشبھ جین، نمن مشرا اور سمرن منگیشکر شامل ہیں۔ ستارے زمین پر”* عامر خان کی 2022 کی فلم “لال سنگھ چڈھا” کے بعد سلور اسکرین پر واپسی ہے، اور یہ فلم 20 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔