نئی دہلی:الیکشن کمیشن نے پیر کو عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی کا درجہ دیا اور ترنمول کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی قومی پارٹی کا درجہ واپس لے لیا۔ پیر کو جاری کردہ ایک حکم نامہ میں الیکشن کمیشن نے اتر پردیش میں آر ایل ڈی، آندھرا پردیش میں بی آر ایس، منی پور میں پی ڈی اے، پڈوچیری میں پی ایم کے، مغربی بنگال میں آر ایس پی اور میزورم میں ایم پی سی کو دی گئی ریاستی پارٹی کا درجہ بھی ختم کردیا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کو چار ریاستوں دہلی، گوا، پنجاب اور گجرات میں اس کی انتخابی کارکردگی کی بنیاد پر قومی پارٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔ اروند کیجریوال کی قیادت والی پارٹی دہلی اور پنجاب میں برسراقتدار ہے۔