عبداللہ عبداللہ کا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل کا بائیکاٹ

   

ابتدائی نتائج کا 14 نومبر کو اعلان متوقع
کابل ۔ 11 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے انتخابات کے نتائج جو پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکے ہیں، اب اپنے انتخابی مبصرین کو سرکاری طور پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل سے دستبرداری اختیار کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اتوار کے روز انہوں نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی ٹیم کے مبصرین ووٹوں کی گنتی کے وقت موجود نہیں ہوں گے تو انتخابی نتائج کو قانونی نتائج کے طور پر تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ عبداللہ عبداللہ فی الحال افغانستان کی اتحادی حکومت میں شراکت دار ہیں، جس کی قیادت صدر اشرف غنی کر رہے ہیں جو انتخابات میں بھی عبداللہ عبداللہ کے کلیدی حریف ہیں۔ اشرف غنی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے اپنے مبصرین کو اب تک نہیں ہٹایا ہے تاہم دیگر امیدواروں نے اس عمل پر بے چینی اور عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ یاد رہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد 28 ستمبر کو ہوا تھا ۔ تا ہم ووٹوں کی گنتی میں بے قاعدگیوں اور تکنیکی نقائص کے الزامات کی بنیاد پر نتائج کا ا علان کئی بار ملتوی کرنا پڑا تھا جبکہ تازہ ترین صورتحال میں انتخابات کے ابتدائی نتائج کا 14 نومبر کو اعلان کیا جائے گا۔