کورونا کے پیش نظر ہم خطرہ مول لینا نہیں چاہتے ، چیف جسٹس آف انڈیا بوبڈے
نئی دہلی : چیف جسٹس آف انڈیا شرد اے بوبڈے نے سپریم کورٹ میں عملی سماعت کی بحالی کے خیال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ عدالت نہیں چاہتی کہ شخصی سماعت کے ذریعہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بنے۔ گزشتہ ایک سال سے عدالتوں میں کارروائی بند ہے، سماعت نہیں ہورہی ہے، صرف اہم کیسوں کی سنوائی کی جارہی ہے۔ عدالت میں عوام کو جمع کرنا خطرہ سے خالی نہیں ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ عدالتوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بنایا جائے۔ سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے اور اقدام کو ہم سلام کرتے ہیں، اس نے وباء کے دوران ہم کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے ہیں اور ورچول کورٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے انصاف فراہم کیا۔ ہندوستان جیسے بڑے ملک میں آپ کی عدالت عظمیٰ نے ایک دن بھی کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی ہے۔ بلاشبہ یہ اقدام سلیوٹ کے قابل ہے۔ چیف جسٹس بوبڈے نے کہا کہ ان کی عدالت باقاعدہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور طبی ماہرین سے مشاورت بھی کررہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مدراس اور راجستھان کی ہائیکورٹس کو شخصی سماعت کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث بند کردیا گیا۔ اس سلسلے میں میڈیکل اتھاریٹی سے تبادلہ خیال کے بعد اہم اور مناسب فیصلہ کریں گے۔