واشنگٹن ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور عراق میں احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے عراقی حکومت سے کہا کہ وہ ’’انتہائی تحمل‘‘ کا مظاہرہ کرے۔یہ بات امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہی۔پومپیو نے عراق میں پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔انھوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں میں پرامن مظاہرے کرنا عوام کا بنیادی حق ہے۔ لیکن مظاہروں میں تشدد کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، چاہے سیکورٹی فورسز ہوں یا مظاہرین۔عراق میں ایک ہفتے سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 100 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ 6000 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔