نیویارک: گذشتہ سال عراقی حکام نے ریکارڈ مقدار میں کیپٹاگون گولیاں ضبط کیں جن کی قیمت 144 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ اسی حوالے سے اقوام متحدہ کی پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں خبردار کیا کہ عراق منشیات کی سمگلنگ کیلئے ایک اہم ہب میں تبدیل ہو رہا ہے۔پیر کے روز عراق نے ایک کانفرنس کی میزبانی کی جس میں علاقائی اور عرب ممالک کے وزراء اور حکام نے شرکت کی جس کا مقصد منشیات پر قابو پانے کے شعبے میں مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عراق میں پچھلے پانچ سالوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خاص طور پر نشہ آور کیپٹاگون گولیاں اور میتھم فیٹامین کی بڑی مقدار کا استعمال کیا جاتا رہا ہے۔2023ء میں عراقی حکام نے 24 ملین کیپٹاگون گولیوں کی ریکارڈ تعداد ضبط کی جس کا وزن 4.1 ٹن سے زیادہ ہے اور ان کی مالیت84 ملین ڈالر سے 144 ملین ڈالرز کے درمیان بتائی جاتی ہے۔