دبئی ۔ 13فروری (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں عرب وومن اسپورٹس ٹورنمنٹ میں سعودی خواتین نے کراٹے کے مقابلے میں شرکت کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ امارات میں منعقدہ مقابلوں میں کراٹے کی چار خواتین کھلاڑی جدہ کے ایشیا مارشل آرٹس ڈیفنس کلب کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ مقابلوں میں ریاض کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ٹیم کے میچز براہ راست ٹی وی پر دکھائے جائیں گے۔ عرب وومن سپورٹس ٹورنامنٹ کا آغاز رواں ماہ ہوا ہے۔ ایشیا مارشل آرٹ ڈیفینس کلب کے ایڈمنسٹریٹر اعلیٰ الشریف نے کہا ہے کہ ان کے کلب نے ان مقابلوں میں شرکت کے لیے تیاریاں دو مہینے پہلے سے شروع کی تھیں۔ ہم نے مقابلے میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولیات مہیا کر دی تھیں۔ سعودی کراٹے فیڈریشن نے کلب کی اس حوالے سے ہر ممکن مدد کی ہے۔ سعودی ٹیم میں شامل خاتون کھلاڑی ندا المشاط نے کہا ہے کہ انہوں نے کراٹے خاندان کے اصرار پر سیکھے۔ ان کے مطابق سعودی عرب کی دانشمند قیادت نے خواتین کے لیے ملک میں کھیلوں کے حوالے سے ایک صحت مند ماحول یقینی بنایا ہے۔ سعودی کراٹے فیڈریشن نے بھی کراٹے کے مقامی کھلاڑیوں کی مدد کی ہے۔ ندا المشاط جو کہ کنگ فہد جنرل ہسپتال میں بطور ماہر نفسیات کام کرتی ہیں انہوں نے کہا ہے کہ خلائی سفر کے لیے شہزادہ سلطان بن سلمان کے انتخاب سے انہیں یقین ہوا کہ سعودی عرب کے لوگوں کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں۔