عرس حضرت فتح خاںؒ ، موثر انتظامات کیلئے نمائندگی

   

کنال کی تعمیر سے متاثرہ افراد کو مکانات فراہمی کے وعدہ کو پورا کرنے جگاریڈی کا مطالبہ

سنگاریڈی ۔ 31 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر جگاریڈی رکن اسمبلی سنگاریڈی نے حافظ شیخ شفیع رکن بلدیہ، محمد معز اور دیگر کانگریسی قائدین و کارکنان کے ہمراہ کلکٹریٹ سنگاریڈی میں مسٹر راجر شی شاہ اڈیشنل کلکٹر ضلع سنگاریڈی سے ملاقات کرتے ہوے عرس حضرت فتح خان صاحب صابری میاں مجذوب ؒ کے موقع پر بلدیہ سنگاریڈی کی جانب سے انتظامات کروانے کی خواہش کرتے ہوے نمائندگی کی۔ انھوں نے کہا کہ درگاہ حضرت فتح خان صاحبؒ بہت قدیم اور مشہور درگاہ ہے جہاں پر ہر روز بلا لحاظ مذہب و ملت عقیدت مند زائرین کی بڑی تعداد آتی ہے اور عرس شریف میں ہزارہا افراد شرکت کرتے ہیں۔ ماہ فروری میں حضرت قبلہ کا عرس شریف ہے چنانچہ بلدیہ سنگاریڈی کی جانب سے آہک پاشی ، رنگ و روغن، برقی لائٹس و قمقموں کی تنصیب، پانی کی فراہمی، کچرے کی نکاسی، صاف صفائی کا انتظام کرنے کی ہدایت جاری کرنے اڈیشنل کلکٹر سے خواہش کی۔ مسٹر جگاریڈی نے ایک علیحدہ نمائندگی کرتے ہوے اڈیشنل کلکٹر سے کہا کہ شہر سنگاریڈی کے محلہ مخدوم نگر میں ببلی کنٹہ کی توسیع کرتے ہوے فلڈ واٹر کنال کی تعمیر کے دوران کچھ مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے جبکہ کچھ مکانات کو نقصان پہنچا اس وقت کے کلکٹر نے منہدم اور نقصان پہنچنے والے مکانات کے مالکان سے وعدہ کیا تھا کہ انھیں ڈبل بیڈ روم مکان الاٹ کریں گے لیکن ابھی تک اس وعدہ پر عمل نھیں کیا گیا جس کی وجہ سے متاثرین میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ انھوں نے اڈیشنل کلکٹر سے کہا کہ وعدہ کے مطابق منہدم شدہ مکانات مالکان کو ڈبل بیڈ روم مکان الاٹ کیا جاے اور نقصان پہنچنے والے مکانات کو تین لاکھ روپیہ کی اسکیم سے مستفید کیا جائے۔ اڈیشنل کلکٹر نے دونوں نمائندگیوں پر غور کرنے کا تیقن دیا۔