عرس غریب نوازؒ کی تیاریاں زور و شور سے جاری

   

قلندروں اور ملنگوں کا گروپ 7 مارچ کو پہنچے گا
اجمیر ۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 807 ویں سالانہ عرس میں شرکت کرنے والے قلندروں اور ملنگوں کا گروپ 7 مارچ کو اجمیر پہنچے گا۔ خواجہ اجمیریؒ کے خلیفہ حضرت قطب الدین بختار کاکی کی دہلی کے مہرولی میں واقع درگاہ سے یہ گروپ گزشتہ 23 فروری کو اجمیر کے لئے روانہ ہوا تھا۔ 13 دنوں کے پیدل سفر کررہا یہ گروپ سالانہ عرس کے لئے چھڑیاں (نشان) لے کر عرس کی آمد کا پیغام دہلی سے اجمیر تک پہنچاتے ہوئے 7 مارچ کیک صبح اجمیر پہنچے گا اور شام پورا گروپ اپنی حیرت انگیز کرتبوں کو دکھاتے ہوئے غریب نواز کی درگاہ میں چھڑیاں پیش کرے گا۔ یہ ملنگوں اور قلندروں کا تعلق ملک کے مختلف حصوں سے ہے اور ہر سال یہاں خواجہ اجمیریؒ کی سالانہ عرس میں چھڑیاں لے کر آتے ہیں۔ 3 مارچ کو عرس میں جھنڈے کی رسم کے ساتھ ہی چاند دکھائی دینے پر 6 دن کا عرس 7 مارچ سے باضابطہ شروع ہوگا اور اسی دن جنتی دروازہ بھی کھولا جائے گا۔ یہ دروازہ 6 دنوں تک زائرین کیلئے کھلا رہے گا اور قل کی رسم کے بعد بند کردیا جائے گا۔ اس دوران 6 مارچ کی رات مزار شریف سے صندل اتارا جائے گا اور 14 مارچ کو ماہانہ چھٹی بھی منائی جائے گی۔ بڑے قل کی رسم 17 مارچ کو ہوگی جس کے ساتھ ہی عرس باضابطہ طور سے ختم ہوجائے گا۔