حیدرآباد ۔ 27 فبروری (سیاست نیوز) شہر میں رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز عطاپور میں طلائی چین کی رہزنی کا واقعہ پیش آیا تھا اور اب ایک تازہ واقعہ میں موبائل فون چھین لیا گیا۔ بنجارہ ہلز حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص کے قبضہ سے اس کا موبائل فون چھین لیا گیا۔ 45 سالہ انیس الرحمن جو سید نگر علاقہ کا ساکن ہے، کل رات ٹولی چوکی علاقہ سے واپس ہورہا تھا، انیس ا لرحمن پیدل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جارہا تھا کہ دو موٹرسائیکل پر چار افراد نے اچانک ان کا راستہ روک لیا اور بات چیت کرتے ہوئے انیس الرحمن کا سیل فون چھین لیا اور فرار اختیار کرلی۔ اس واقعہ کی شکایت پولیس میں درج کروائی گئی۔ پولیس فوری طور پر رہزنوں کے تعاقب میں جٹ گئی ہے اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے اس علاقہ میں موبائل فون رہزنی سے سنسنی پھیل گئی اور آئے دن شہر میں پیش آرہے واقعات سے شہریوں بالخصوص خواتین میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ عطاپور واقعہ میں پولیس کو تاحال رہزنوں کا کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوا اور پولیس کیمروں پر انحصار کئے ہوئے ہے۔ اب بنجارہ ہلز کے واقعہ کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور رہزنوں کو شدت سے تلاش کیا جارہا ہے۔ع