کیسیس کے عدم اندراج پر حد بندیوں کی برخاستگی ، سومیش کمار اور اروند کمار کا دورہ ملک پیٹ
حیدرآباد۔17 اپریل(سیاست نیوز) چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سومیش کمار نے آج پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار کے ہمراہ ملک پیٹ علاقہ میں حد بندی کئے گئے علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے صورتحال سے آگہی حاصل کی اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں کوئی مصدقہ مریض کے نہ پائے جانے کے بعد 14دن حد بندی کے علاقہ کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا تاکہ اس وبائی مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ مسٹر سومیش کمار نے علاقہ کے عوام سے راست رابطہ کرتے ہوئے انہیں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ جن علاقوں کی حد بندی کی جا رہی ہے ان علاقوں کے عوام کو مناسب سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں بنائے گئے ان زونس کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری نے بتایا ان کے سبب اس وباء کو تیزی سے پھیلنے سے روکنے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اب تک جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کی وجہ سے مرض دوسرے علاقوں تک رسائی حاصل نہیں کر رہا ہے اگر حدبندی کئے گئے علاقوں میں کوئی مصدقہ مریض پایا جاتا ہے تو اس کے بعد بھی انہیں 14 یوم تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا اسی لئے عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے گھرو ںسے باہر نکلنے سے اجتناب کریں کیونکہ ایسا نہ کرنے کے سبب ہی یہ مرض پھیل رہا ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے مسٹر اروند کمار نے کہا کہ حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق شہر کے ان تمام علاقوں کے لئے نوڈل آفیسر کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے جن علاقو ںمیں کورونا وائرس کے مصدقہ مریض پائے گئے ہیں۔ انہو ںنے پرانے شہر کے علاقہ ملک پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے اس علاقہ میں حدبندی کی پابندی اور احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے حد بندی کئے گئے علاقوں کے عوام کو ہر طرح کی سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی کو کوئی شکایت نہ رہے۔ مسٹر سومیش کمار اور مسٹر اروند کمار نے دورہ ملک پیٹ کے دوران متعلقہ عہدیداروں سے علاقہ کے عوام کی رائے اور احتیاطی اقدامات کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔