عمان ٹیم کو دورہ ہند سے روک دیا گیا

   

نئی دہلی ۔5 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے عمان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو 6 مارچ کو ہونے والے ٹورنمنٹ میں مدعو کیا تھا تاہم اب اس دعوت نامے کو واپس لے لیا گیا ہے۔ عمان کی جگہ اب افغانستان کی ٹیم کو مدعو کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے عمان بورڈ کو باضابطہ ای میل کے ذریعے مطلع کردیا گیا ہے کہ ان کی ٹیم کے دورہ ہندوستان کے لیے حالات اس وقت موزوں نہیں ہیں۔عمان ٹیم کو ہندوستان آنے سے روکنے کی وجہ اس میں زیادہ تر پاکستانی کرکٹرزکی موجودگی ہے اور ان دنوں ہندوستان ، پاکستانی قومیت رکھنے والوں کو ویزے جاری کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتا۔ عمان کرکٹ ٹیم کے ایک عہدیدار نے ٹیم ہندوستان نہ جاسکنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے کہ آئندہ کسی ایونٹ میں ہندوستان جاکر ضرور کھیلنے کا موقع ملے گا۔