عمران ملک کی دعوت ابھی باقی ہے: محمد نبی

   

دبئی۔ افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی نے کہا کہ انہوں نے 2021 میں عمران ملک کو نیٹ میں بولنگ کرتے دیکھ کر کہا تھا کہ وہ جلد ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلیں گے ۔ جموں و کشمیر کے نوجوان فاسٹ بولر عمران ملک نے آئی پی ایل کے ساتھ ساتھ ہندوستانی جرسی میں بھی کچھ قابل ذکر مظاہرے کئے ہیں اور انہیں ملنے والے محدود مواقع میں اپنی رفتار سے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ نبی نے نیوز 24 اسپورٹس کو بتایا جب عمران ملک نیٹ بولر تھے تو میں نے ان سے کہا تھا کہ آپ اگلے سال آئی پی ایل میں کھیلیں گے۔ نٹراجن کے زخمی ہونے کے ایک ہفتے بعد انہیں حیدرآباد ٹیم میں منتخب کر لیا گیا۔ ان کی دعوت ابھی باقی ہے۔ عمران ملک نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ونڈے میں 156 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بین الاقوامی کرکٹ میں کسی بھی ہندوستانی کی جانب سے تیز ترین گیندکا ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے ٹی20 (155 کلومیٹر فی گھنٹہ)، آئی پی ایل (157 کلومیٹر فی گھنٹہ)، اور ونڈے (156 کلومیٹر فی گھنٹہ) میں ایک ہندوستانی کی جانب سے بولنگ کی رفتارکا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔