کراچی ۔9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جگہ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کے سپرد کردی گئی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 5 میچز پر مشتمل ونڈے سیریز 22 مارچ کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم کے مستقل کپتان سرفراز احمد کو اس سیریز کے دوران آرام دیا گیا ہے، جن کی جگہ سینئر کھلاڑی شعیب ملک کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے سرفراز احمد کے بغیر پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس کی کپتانی شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ بابراعظم، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور شاداب خان کو بھی سرفراز احمد کے ساتھ آرام دیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں اب تک بین الاقوامی ونڈے کرکٹ نہ کھیلنے والے3 کھلاڑیوں سعد علی، محمد حسنین اور محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل میں زخمی ہونے والے محمد حفیظ بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ حسین طلعت وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں خارج کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران عمدہ مظاہرہ کرنے والے عمر اکمل کے ساتھ جنید خان کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ پاکستانی اسکواڈ میں شعیب ملک (کپتان)، فہیم اشرف، حارث سہیل، محمد رضوان، شان مسعود، عمراکمل، جنید خان، عثمان شنواری، یاسر شاہ، عماد وسیم، امام الحق، عابد علی، محمدعامر، محمد حسنین، سعد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔ کپتان سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان کو بطور وکٹ کیپر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔