مکہ مکرمہ : سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے آج سے عمرہ سرویس کا آغاز کردیا ہے ۔ سعودی عرب میں رہنے والے سعودی شہری اور غیر مقیم افراد کو محدود طور پر عمرہ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی 15 ستمبر سے بین الاقوامی پروازوں کی جزوی اجازت دی گئی ہے ۔ بین الاقوامی پروازوں کی مکمل بحالی یکم جنوری 2021 سے کی جائے گی ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ خلیجی شہریوں اور غیر سعودی شہریوں کارآمد اقامے یا ویزے رکھنے والے افراد کو 15 ستمبر سے سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی ۔ اس کے ساتھ انہیں کورونا وائرس سے متاثر نہ ہونے کا بھی ثبوت دینا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں مقیم افراد کو ہی عمرہ کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ اس کے لئے شرائط و قواعد کی تکمیل کرنی ہوگی۔ معتمرین کو اپنے ساتھ میڈیکل سرٹیفکٹ رکھنا ضروری ہوگا۔ عمرہ کے لئے حرم شریف کے دروازے کھولے جائیں گے ۔ قطار اور فاصلہ کے ساتھ معتمرین کو عمرہ کیلئے جانے دیا جائے گا۔ نائب وزیر حج و عمرہ امور ڈاکٹر حسین الشریف نے توثیق کی ہے کہ حکومت سعودی عرب نے حالیہ حج کی تکمیل کے بعد عمرہ کیلئے بھی احتیاط کے ساتھ اجازت دی جارہی ہے ۔