عوامی نمائندوں کو باریک چاول اسکیم کے استفادہ کنندگان کے مکانات کا دورہ کرنے کی اپیل

   

اتم کمار ریڈی کی ویڈیو کانفرنس، ریاست میں 30 لاکھ میٹرک ٹن چاول کی ہر سال سربراہی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ کم از کم ایک دن باریک چاول اسکیم کے استفادہ کنندگان کے مکان میں کھانا کھائیں تاکہ حکومت کی جانب سے معیاری چاول کی سربراہی سے واقفیت حاصل ہو۔ اتم کمار ریڈی نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ریاست میں باریک چاول کی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں میں باریک چاول کی سربراہی سے مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کے عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ اسکیم پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں اور غریب خاندانوں کے مکانات جاکر کھانا نوش کریں جو باریک چاول سے تیار کردہ ہو۔ بی آر ایس حکومت نے راشن کارڈ پر موٹا چاول سربراہ کیا تھا لیکن کانگریس حکومت نے فائن رائس کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سربراہ کئے گئے چاول میں تلنگانہ 20 فیصد حصہ داری ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن شاپس کے ذریعہ تیس لاکھ میٹرک ٹن باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ اسکیم کے نتیجہ میں سرکاری خزانہ پر سالانہ 13,600 کروڑ کا بوجھ عائد ہوگا۔ وزیر سیول سپلائیز نے کہا کہ اسکیم کو برداشت نہ کرتے ہوئے بی آر ایس قائدین حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت راشن شاپس پر اشیائے ضروریہ کی سربراہی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ریاست کے قیام کے وقت تلنگانہ میں راشن کارڈ کی تعداد 90 لاکھ تھی اور کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد مزید 49,000 نئے کارڈ جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈس کے ذریعہ 30 لاکھ افراد کو باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے چاول کی قلت سے متعلق اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ باریک چاول کی سربراہی کی اسکیم سے 3.10 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مرکزی حکومت معمولی حصہ داری ادا کر رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ کارپوریشنوں کے صدورنشین کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے باریک چاول کے استفادہ کنندگان کے مکانات کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا۔1